پشاور۔ 25 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں نہروں کی تعمیر سے متعلق حالیہ فیصلے قومی وحدت، آئینی تقاضوں اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی عملی مثال ہیں۔ پوری قوم ان فیصلوں کا بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعظم نے تمام صوبوں کے اتفاق رائے کو لازم قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ جب تک مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری نہیں ملتی، کوئی نئی نہر تعمیر نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ نہ صرف آئینی اصولوں کے مطابق ہے بلکہ چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور کرنے میں بھی اہم سنگ میل ہے۔
یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے اصولی مؤقف اور وفاقی حکومت کی بصیرت کا مظہر ہیں کہ ہر اہم قومی منصوبے پر تمام اکائیوں کی رضامندی حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ رویہ نہ صرف ملک میں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرے گا بلکہ بین الصوبائی اعتماد کو بھی فروغ دے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مسائل کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ طاس معاہدے اور بھارت کے خلاف دو ٹوک موقف قابل تحسین ہے۔ پاکستان کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لئے ان کا مؤقف پورے وفاق کی ترجمانی کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587483