ایل او سی پر بسنے والے ہمارے بہادر اور جرات مند لوگ پاک فوج کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہے ہیں،وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی

119

مظفرآباد۔14نومبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بسنے والے ہمارے لوگ دلیر ، بہادر اور جرات مند ہیں جو پاک فوج کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہے ہیں، جب تک مقبوضہ کشمیر کی بہنوں اور بھائیوں کو آزادی نہیں مل جاتی چین سے نہیں بٹھیں گے۔

آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے ، ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے، وہ ویژن غریب کو خوشحال بنانا ہے ، میرا کوئی بینک بیلنس نہیں نہ ہی اقتدار میں بینک بیلنس بنانے کیلئے آیا ہوں، ریاستی وسائل کا غلط استعمال کروں گا نہ ہی کسی اور کو ہاتھ صاف کرنے دوں گا،

ریاست کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گی ، 500 ارب کے ترقیاتی پیکیج سے آزاد کشمیر کا چپہ چپہ مستفید ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تتہ پانی متاثرین ایل او سی میں چیک تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے متاثرین میں چیک تقسیم کیے جن میں بیوہ خواتین بھی شامل تھیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج ایل او سی کے مقام سے پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں اور بھارتی فوج کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں آپ کے پانچ سو گز فاصلے سے گزرتا ہوں، مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، پاک فوج کے افسران و جوانوں نے ایل او سی پر قربانیاں دی ، میری جان ان سے قیمتی نہیں۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر پر امن خطہ ہے ، یہاں ہر قسم کی آزادی ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ساری دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کشمیریوں کا سفیر ہونے کا ثبوت دیا ، وہ دن دور نہیں جب مسئلہ کشمیر وزیراعظم پاکستان کی موجودگی میں حل ہو گا، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں ووٹ خطے کی تقدیر بدلنے اور پسماندگی دور کرنے کیلئے دیئے گئے ہیں ، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کی خدمت کریں جس کا ہم نے آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایل او سی متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگے ، حکومت ایل او سی متاترین کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جو بھارت کی نو لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں، مودی چالیس ہزار آر ایس ایس کے غنڈے بھی مقبوضہ کشمیر میں لے آیا ، میں ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر بھارتی مظالم بے نقاب کرتا رہوں گا پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس ہو یا او آئی سی کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات ، ہر جگہ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ اس موقع پرانکے ہمراہ وزیر ہائر ایجوکشن ملک ظفر اقبال بھی موجود تھے۔