چیچہ وطنی ۔ ۔11جولائی (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت جلد عوام کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کریں گے، مشکل فیصلے ہونے تھے ہو گئے انشاء اﷲ اچھے دن آنے والے ہیں، عوام کی زندگیوں میں سکون لانے تک ایک منٹ بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے، مسلم لیگ (ن) ملک کو مسائل سے نکال کر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرکے دکھائے گی، عوامی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اب عوام کو ریلیف دے گی۔
چیچہ وطنی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید حبس اور گرمی کے باوجود جلسہ میں عوام کا جم غفیر موجود ہے، جلسہ میں محمد نواز شریف سے محبت کرنے والوں کی کثیر تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی، چیچہ وطنی کا جذبہ بتا رہا ہے کہ 17 جولائی کو شیر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن بحرانوں سے ملک کی حالت بدتر ہوئی اب ختم ہو رہے ہیں، اﷲ کا شکر ہے ملک میں ترقی کے دور کا دوبارہ آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے، مہنگائی ہونے پر گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھے، ملکی بہتری کیلئے اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر اثرات عوام تک منتقل کریں گے، انشاء اﷲ وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت جلد عوام کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دامن کرپشن سے بھرا ہو اہے، عمران خان تقریروں میں جملے کستا ہے، برے ناموں سے پکارتا ہے اور چلا جاتا ہے، عمران خان نے عوام سے 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا لیکن عمران خان عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کا کہا تھا لیکن انہوں نے وزیراعظم کو اغواء کا اڈہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کرکے دکھائوں گا، عمران خان نے اپنے دور میں کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی پورے پنجاب کو لوٹ کر کھا گئی، فرح گوگی کا کھرا بشریٰ بی بی کے بیٹے اور بنی گالہ تک جاتا ہے، عمران خان نے قوم کو گوگی، پنکی اکنامک کوریڈور کا منصوبہ دیا، پاکستان کے بچے غریب جبکہ بشریٰ بی بی کے بچے اور فرح گوگی ارب پتی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہی منصوبہ پر عمران خان کی تختی لگی ہے اور وہ ہے توشہ خانہ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ پنجاب کے عوام پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان جیسا پتھر دل آدمی نہیں دیکھا جو عوامی منصوبوں کی مخالفت کرتا ہو، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے غریب طبقہ کیلئے مفت بجلی کا اعلان کیا تو فتنہ خان عدالت میں چلے گئے، عوام کو فائدہ ہونے سے فتنہ خان کو تکلیف ہوتی ہے، 17 جولائی کے بعد پنجاب کے غریب طبقہ کو مفت بجلی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قومی خزانہ کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب عوام کی زندگیوں میں سکون نہیں لاتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، انشاء اﷲ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو زبردست فتح ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=316965