اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری آئندہ ہفتے وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں کے سکولوں میں تعمیراتی کام کے معیار اور کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے دورے کریںگے۔وزارت کیڈ کی طرف سے منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 100سکولوں میں بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے اور موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی کی گرانٹ جاری ہونے کے بعد منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے ۔ گزشتہ ہفتے وزیر مملکت نے جی سکس کے سکول میں تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا اور اسے وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تعمیراتی کام کیلئے ماڈل سکول بنانے کی ہدایت کی جس کے تعمیراتی معیار کو بقیہ سکولوں میں لاگو کیا جائے گا۔