اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کر کے اپنے وعدے کو پورا کیا ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم سٹیزن پورٹل کے دو سال پورے ہونے پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہی وہ تبدیلی ہے ، جس کا وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف نے قوم سے وعدہ کیا تھا۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر موصولہ شکایات کو موثر انداز میں نمٹنے پر سکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کوڈ19 وبائی مرض کے دوران وزارت نے ، دنیا بھر کے پاکستانیوں کی مدد کے لئے کرائسز سنٹرزقائم کئے۔انہوں نے بتایا کہ وبائی امراض کے دوران بیرون ممالک پھنسے لاکھوں پاکستانیوں کو وطن واپسی میں مدد فراہم کی گئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی سفیروں نے محدود مالی وسائل کے باوجود پاکستانی کمیونٹی کی دل کھول کر مدد کی جبکہ پاکستانی کمیونٹی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی مشنز کے کردار کی تعریف کی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت خارجہ کے حکام نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ لوگوں کی خدمت سے اہداف کامیابی کے ساتھ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے لوگوں کو ان کے دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ تبدیلی ہے جس کا وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے قوم سے وعدہ کیا تھا اور جس سے عوام کو ان کی مشکلات کے بروقت حل میں بہت مدد ملی