وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے فلم، ٹی وی اور ڈرامہ کے معروف فنکاروں، گلوکاروں اور پروڈیوسرز پر مشتمل وفد کی ملاقات

50

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) فلم، ٹی وی اور ڈرامہ کے معروف فنکاروں، گلوکاروں اور پروڈیوسرز پر مشتمل وفد نے پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، چیئرمین سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر مبشر حسن اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران فلمی صنعت، ٹی وی اور تھیٹر سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے فلمی صنعت کی بحالی اور فنکار برادری کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں ٹیکس چھوٹ، ٹیکس ریبیٹ، سینماﺅں کی تعمیر، فلم فنانس فنڈ کا قیام، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر فلم سٹوڈیو کے قیام سمیت اس سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینا شامل ہے۔ وفد نے صنعت کی بحالی اور تعاون کیلئے اٹھائے گئے مختلف حکومتی اقدامات کو سراہا اور کمیونٹی کے مسائل کے حل اور فلمی صنعت کی بہتری کیلئے وزیر مملکت کے تعاون کی تعریف بھی کی۔