اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں، تاکہ نوجوانوں کو تفریح کے مواقع میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام دوسری قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سینیٹر راجہ ظفرالحق کے علاوہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا ، ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل منصور احمد اور وزارت کے اعلیٰ افسران اورکھلاڑی کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ آج ہم نے فیڈریشن کی تمام اکائیوں کو وفاقی دارالحکومت میں ایک جھنڈے تلے جمع کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کھیل بلاشبہ قوموں کے اتحاد و یگانگت کے لیے نہ صرف بہترین ہتھیار ہیں بلکہ سماجی اور ثقافتی رشتوںکو مضبوط بنانے اور طبقاتی تفریق ختم کرنے کا ایک موثر ذریعہ بھی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82717