اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے محمد نواز شریف کی پالیسیزز اور وژن کے مطابق اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کی بات کی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی کو بھی بے نقاب کیا۔انہوںنے کہا کہ محمد نواز شریف کا کشمیر سے متعلق بڑا واضح موقف رہا ہے اور انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دُنیا کے تمام فورمز پر اس امر کو واضح کیا کہ کشمیری عوام کی اُمنگوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کےلئے ناگزیر ہے۔