
اقوام متحدہ ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے، بین الاقوامی برادری صورتحال کو خطرناک ہونے سے بچانے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے نہتے عوام پر مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو دبانے کیلئے طاقت کا اندھا دھند اور بلا امتیاز استعمال کر رہا ہے، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو بلاامتیاز نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں معصوم کشمیری مارے اور زخمی کئے جا چکے ہیں۔ شارٹ گن پیلٹ سے بچوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں کشمیری اپنی بینائی سے محروم یا معذور ہو چکے ہیں۔