وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب

85
APP51-29 ISLAMABAD: December 29 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addressing at the closing ceremony of 2nd Quaid-I-Azam Inter-Provincial Games 2017. APP

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں مناسب اقدامات اٹھائے گئے ہیں، امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری سے پاکستان میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے،فاٹا اور بلوچستان سمیت مختلف حصوں میں کامیابی سے کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے، کھیل کے میدان میں کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لئے نوجوان کھلاڑیوںکو زیادہ سے زیادہ محنت اور جذبے سے اپنی صلاحیتیں بروئے کارلانی چاہئیں،ہم نے سپورٹس کی دنیامیں اعلیٰ معیار حاصل کرنا ہے ‘جتنی محنت کریں گے اس کا اتنا ہی ثمر ملے گا، پاکستان کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی کی منظوری دیدی گئی ہے اور اس کاقیام جلد عمل میں آجائے گا، کھیل صرف کھیل نہیں بلکہ اس سے کردار سازی بھی ہوتی ہے‘ کھیل نوجوانوں اور قوم کی عکاسی اور ترجمانی کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سپورٹس کمپلیکس میں دوسری قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے اعلیٰ معیار کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا اور سب کو موقع ملا کہ ان میں بھرپور حصہ لیں سکیں اور اپنے جوہر دکھا کر میڈلز حاصل کرسکیں۔