
اسلام آباد/ لاہور ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود مسائل پر قابو پایا ہے ، آئندہ پندرہ سال کےلئے بجلی کی ضروریات کے مطابق پیداواری منصوبے مکمل کئے ہیں، بے روزگاری کے خاتمہ میں صنعت کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، صنعت کاروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، سی سی وی کیبل کے پہلے جدید ترین پلانٹ سے بجلی کے پیداواری اخراجات اور ترسیل کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، فاسٹ کیبل کا یہ بڑاا ہم منصوبہ بجلی کی چوری اور ٹیکنیکل نقصانات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو نے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیکسز کی مد میں بھی وصولیاں ہوں گی ، صنعتی ترقی کےلئے پالیسیوں کا تسلسل اور استحکام ضروری ہے، بجلی پیدا کرنے کےلئے متبادل توانائی کے ذرائع سے استفادہ کے حوالے سے منصوبوں پر عمل جاری ہے، حکومت نے خود کاروبار نہیں کرنا بلکہ صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کرنی ہے،۔ ہفتہ کو سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہورمیں فاسٹ کیبل کی جانب سے ملک کے پہلے سی سی وی لائن اور ایلومینیم الائے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاسٹ کیبل کی جانب سے سی سی وی کیبل کے پہلے جدید ترین پلانٹ کا افتتاح خوش آئند ہے جس سے بجلی کے پیداواری اخراجات اور ترسیل کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔