وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نارووال میں16 ارب روپے کی لاگت سے نارووال کو سیالکوٹ لاہور موٹروے سے منسلک کرنے کی چاررویہ شاہراہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

77
APP30-05 NAROWAL: May 05 – Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addressing to a public gathering after inauguration of Narowal-Sialkot-Lahore Motorway Link Road. APP Photo by Munir Butt

نارووال۔5 مئی(اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آئندہ عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ نشستیں لے کر کامیاب ہوگی، جمہوریت کے بغیرملک ترقی نہیں کرسکتا، ہرادارے کو اپنی آئینی حدود میںرہ کر کام کرنا چاہئے، موجودہ حکومت نے بجلی اور گیس کے بحرانوں سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے مکمل کئے، امن وامان بحال کیا، ہمارا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جن کے پاس اپنے دور حکومت کے کوئی منصوبے عوام کو بتانے کیلئے نہیں بلکہ ہمارے منصوبوں پر الزام تراشی اور تنقید کا سہارا ہے،مشرف اور زرداری کے 15سالہ دورمیں کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہیں ہوا، نواز شریف نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ن لیگ ملک میں شرافت، عزت اور وقار کی سیاست کرتی ہے جو خود کچھ نہیں کرسکتا وہ صرف الزام لگاتا ہے۔وہ ہفتہ کو نارووال میں16 ارب روپے کی لاگت سے نارووال کو سیالکوٹ لاہور موٹروے سے منسلک کرنے کی چاررویہ شاہراہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے بھی خطاب کیا جبکہ وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اوردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی خدمت اور عزت کی سیاست مسلم لیگ(ن) کا منشور ہے یہی وہ طریقہ ہے جس پر محمد نواز شریف نے عمل کیا،ن لیگ ملک میں عزت ووقارکی سیاست کرتی ہے، وہ گالم گلوچ ، لعن طعن کی سیاست نہیں کرتی، شرافت اور خدمت کی سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کے ثمر ات جلد یہاں کے عوام تک پہنچیں گے، نوازشریف کا آج ایک اوروعدہ ہم نے پورا کردیا۔