
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کے معائنہ
سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دیگر جدید بین الاقوامی ایئرپورٹس کی طرح مسافروں کو جدید اور تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ۔ 13 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ پر دیگر جدید بین الاقوامی ایئرپورٹس کی طرح مسافروں کو جدید اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو یہاں نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کے معائنہ کے دوران دی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان اور سینئر حکام نے وزیراعظم کو مسافروں کیلئے سہولیات اور آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، وزیر دفاع خرم دستگیر خان، وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب، ایوی ایشن ڈویژن، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے ایس ایف اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیا ایئرپورٹ 85 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، اس کے 2 رن ویز ہیں اور اس میں 90 لاکھ مسافروں کی آمدورفت اور 90 آپریشنل امیگریشن کاﺅنٹرز کی گنجائش موجود ہے، یہ ایئرپورٹ جدید آلات بشمول جدید ایرو برجز، ریڈارف اور لینڈنگ اور ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے آراستہ ہے۔ اس میں وسیع پارکنگ ایریا اور 15 پسنجر بورڈنگ برجز بنائے گئے ہیں۔