وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب

90

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سالہ ترقیاتی منصوبہ جات کو آئندہ 10 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اپنی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے کابینہ میں شمولیت پر وفاقی وزراءاور وزراءمملکت کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ سی پیک، توانائی، بنیادی ڈھانچہ سمیت تمام منصوبہ جات کو آگے بڑھایا جائے گا، لوڈ شیڈنگ سے نجات، اقتصادی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لے کر خطہ اور دنیا میں امن کے فروغ کے مقاصد کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کیلئے پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ شاہد خاقان عباسی نے 10 سال کے ترقیاتی منصوبہ جات کو آئندہ 10 ماہ میں مکمل کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی حیثیت سے ان پر اعتماد کا اظہار کرنے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ بیک وقت قلیل مدتی اور طول مدتی اہداف پر کام کرے گی۔ انہوں نے تمام وزراءکو ہدایت کی کہ وہ آنے والے دنوں میں اپنی وزارتوں کے امور کار کے بارے میں آگاہی کیلئے پریزنٹیشن دیں۔