وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ
وزارت خارجہ کو بھارتی قابض افواج کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرتے رہنے کی ہدایت
اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جائز جدوجہد کیلئے پاکستان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو بھارتی قابض افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرتے رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ کی طرف سے انہیں پاکستان کے خارجہ تعلقات کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ میں کیا۔ وزیراعظم آفس میں بریفنگ کے دوران وزیر برائے خارجہ امور خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے۔ بریفنگ میں پاکستان کی خارجہ پالیسی سے متعلق اہمیت کے حامل امور کا تفصیلی احاطہ کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقتصادی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ دیگر ممالک کے ساتھ یکساں طور پر سودمند شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان کی حقیقی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے۔