
اسلام آباد۔4 مئی(اے پی پی )وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو کہوٹہ کے قریب کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کروٹ پن بجلی منصوبے سے 720 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، یہ منصوبہ دریائے جہلم پر پانی کے بہاﺅ کی سمت تعمیر کیا جا رہا ہے جو ایسے پانچ منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ منصوبہ کروٹ پاور کمپنی اور چین کی تھری گارجیز کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ تعمیر کر رہی ہیں۔ کروٹ پن بجلی منصوبہ سی پیک کا ترجیحی حصہ ہے۔ منصوبے پر بننے والا ڈیم ساڑھے 95 میٹر بلند اور 27 کلومیٹر طویل ہو گی، ڈیم میں 152 ملین کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہو گی۔ اس منصوبے سے مقامی آبادی کے لئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔