
اسلام آباد ۔ 29 اگست (اے پی پی) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی اور گلگت بلتستان کو رواں مالی سال کے اختتام تک گندم کی سبسڈی میں دو روپے فی کلو گرام اضافہ کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے صوفیہ گیس فیلڈ سے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو 14.2 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ یہ فیصلہ قریب ترین ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی دستیابی اور اسی بلاک سے ایس ایس جی سی کو پہلے سے فراہم کی جانے والی گیس کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ ای سی سی نے سڑک تک رسائی، اراضی کی دستیابی اور سیکورٹی ایشوز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی ایئر مکس کے چار منصوبہ جات کی جگہ تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس فیصلے کے مطابق ایئر مکس پراجیکٹ ملکوٹ (کے پی کے) کو بالا کوٹ میں منصوبے کے ساتھ، فارورڈ کہوٹہ کو دروش (چترال)، ہجیرہ (اے جے کے) کو بیور تحصیل کہوٹہ اور عباس پور (اے جے کے) کو باند تحصیل مری کے ساتھ تبدیل کئے جانے کی تجویز ہے۔ موجودہ فیلڈ سے گیس کو دوبارہ مختص کرنے کے بارے میں ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کی او جی ڈی سی ایل کے کے پی ڈی فیلڈ سے ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل کو 6 اکتوبر 2009ءکے ای سی سی کے فیصلے کے مطابق برابری کی بنیاد پر 130 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ازسر نو مختص کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ مول کے مکوڑی ایسٹ فیلڈ سے 25 ایم ایم سی ایف ڈی تک گیس اور مکوڑی ڈیپ فیلڈ سے 6.4 ایم ایم سی ایف ڈی گیس طلب و رسد کو پورا کرنے کے لئے ایس این جی پی ایل کو وقف کی جائے گی۔ ای سی سی نے ڈی ریگولیٹڈ ماحول کے تحت یورو 4 اور یورو 5 کے معیارات سے ہم آہنگ ڈیزل آئل کی مارکیٹنگ کی اجازت بھی دی بشرطیکہ حکومت پاکستان پر کوئی بوجھ نہ ہو۔ گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی کے معاملے پر ای سی سی نے گلگت بلتستان کی حکومت کے اتفاق رائے سے رواں مالی سال کے اختتام تک دو روپے فی کلو گرام تک سبسڈی بڑھانے کی منظوری دی۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ گندم کی فراہمی کے لئے فنڈز سخت موسم کے دوران سہ ماہی بنیاد پر فراہم کئے جائیں گے جبکہ سال کے بقیہ حصے کے لئے ماہانہ بنیاد پر فراہم ہوں گے۔