
اسلام آباد ۔ 27 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 17 واں اجلاس ہوا جس میں بین الاقوامی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے شرکت کی۔ کمیٹی کو بین الاقوامی اور خطہ کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات پر بھی خصوصی غور کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کمیٹی کو روس کے حالیہ کامیاب دورہ پر بریفنگ دی اور بتایا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ کمیٹی نے خطے کے ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی کو بہتر بنانے کی اہمیت سے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ خطے کے دوست ممالک کے ساتھ معاشی پارٹنر شپ کو فروغ دینا چاہئے۔ کمیٹی نے سی پیک کی اہمیت اور اس کے پاکستان کے علاوہ خطہ اور دیگر ممالک کی ترقی پر مرتب ہونے والے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔ کمیٹی نے افغانستان میں پائیدار امن کے حوالے سے پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔