وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی صحت پروگرام کو ملک کے تمام حصوں تک توسیع دینے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت

107
APP44-18 ISLAMABAD: August 18 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi chairing meeting on Health Sector at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے معاشرے کے غریب طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے وزارت قومی صحت و خدمات کو وزیراعظم کے قومی صحت کے پروگرام کو ملک کے تمام حصوں تک توسیع دینے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے نئی ادویات کی رجسٹریشن اورقیموں کے تعین کی پالیسی کیلئے انضباطی طریقہ کارکو سادہ بنانے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ صارفین اورادویات تیار اوردرآمدکرنے والوں کو یکساں فوائدحاصل ہوں۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں جامع سفارشات مرتب کرکے اسے کابینہ کے روبرو پیش کرنے اورضروری قانون سازی کی بھی ہدایت کی تاکہ ملک میں ادویات کے ضابطہ کاری کے طریقہ کار سے متعلق مسائل سے نمٹاجاسکے۔مختلف ادویات کی رجسٹریشن اوران کی قیمتوں کے تعین میں تاخیرکا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے زیرالتواءکیس نمٹانے کیلئے وزارت کو 24گھنٹوں کے اندر روڈ میپ،جس میں اس ضمن میں نظام الاوقات کا تعین ہو، پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے یہ ہدایات جمعہ کویہاں وزیراعظم آفس میں وزارت قومی صحت وخدمات کے امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور وزارت کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر قومی صحت وخدمات سائرہ افضل تارڑ نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بالخصوص گزشتہ دوبرسوں میں حکومت نے صحت سے متعلق مختلف شعبوں میں بڑی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن میں ادویات کی قیمتوں کے تعین کیلئے جامع جامع ڈرگ پالیسی کی تیاری، وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کا آغاز، بچوں کو خطرناک اورمہلک بیماریوں سے بچانے کے توسیعی امیونزائزیشن پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع، ملک میں پولیو کے کیسوں میں خاطر خواہ کمی ، مہلک بیماریوں کے علاج کیلئے وزیراعظم کے پروگرام کا آغاز اورخواتین اوربچوں کیلئے امیونزائشن کیلئے مالیاتی پائیداریت کے ضمن میں کامیاب مذاکرات شامل ہیں۔