اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارا کسی کے ساتھ کوئی تناﺅ نہیں، ہم نے سیاست کرنی ہے، انتخابات میں فیصلہ عوام ہی کریں گے۔ ہمیں اس وقت جن مسائل کا سامنا ہے وہ آج سے 50 سال قبل حل ہو جانے چاہیئں تھے لیکن بدقسمتی سے جمہوریت کے سفر کے تسلسل کے ساتھ نہ چلنے کی وجہ سے یہ مسائل حل نہیں ہو سکے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین میں تمام اداروں کے اختیارات کے حوالے سے وضاحت موجود ہے اور انہی اختیارات کے اندر رہتے ہوئے ہر ادارے کو اپنا کام کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب قبل از وقت انتخابات کا وقت گزر چکا ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور پھر 60 دن کے اندر 2018ءکے عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست 2017ءکو جب میں نے بطور وزیراعظم عہدہ سنبھالا تو بعض لوگوں نے کہا کہ 3 مہینے بھی نہیں گزریں گے بعد میں کہا گیا کہ 31 دسمبر نہیں ہو گی جبکہ پھر یہ بھی کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات نہیں ہوں گے لیکن الحمدللہ حکومت بھی بہتر طریقے سے چل رہی ہے اور سینیٹ انتخابات بھی بروقت ہو چکے ہیں اس لیے ملک میں عام انتخابات بھی اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔