
سی پیک پر منصوبے کے مطابق کام جاری رہے گا ، وہ ذاتی طور پر سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کی نگرانی کریں گے
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چینی سفیر سن وی ڈونگ سے ملاقات
اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر منصوبے کے مطابق کام جاری رہے گا اور وہ ذاتی طور پر سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ سے ملاقات میں کہی۔ چین کے سفیر نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو چین کے وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔ چینی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں حکومت کی پرامن انداز میں منتقلی پر چین کی قیادت بہت خوش ہے اور چین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستان کی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے چینی قیادت کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے چینی سفیر کو بتایا کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر منصوبے کے مطابق کام کو جاری رکھیں گے اور وہ ذاتی طور پر سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کی نگرانی کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے علاوہ بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست ہے اور دونوں ممالک تزویراتی شراکت داری میں بندھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ چار برسوں میں دو طرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور پاکستان مزید ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا۔