وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ کو خیبرپختونخوا میں تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کا افتتاح کریں گے

64

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ کو خیبرپختونخوا میں تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کا افتتاح کریں گے ، منصوبے کے تحت پن بجلی کے 470میگاواٹ کے تین پیداواری یونٹ لگائے جارہے ہیں،470میگاواٹ واٹ کا پہلا یونٹ ہفتہ کو پیداوار شروع کردے گا جبکہ باقی دو یونٹ بھی گرمیوں کے آغاز سے قبل باقاعدہ بجلی کی پیداوار دینا شروع کردیں گے،چوتھا تربیلا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ موجودہ حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے جس سے نیشنل گرڈ میں1410میگاواٹ بجلی شامل ہوگی ٹی۔4 منصوبہ ملک میں انرجی مکس کے حوالہ سے اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل میں لمبی مدت کیلئے بجلی کی قیمتوںکے استحکام اور صارفین کو 30فیصد تک سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ منصوبہ سے قومی خزانے کو سالانہ 300ملین ڈالر کا فائدہ بھی ہوگا۔ اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل اور اخراجات پرکنٹرول حکومت کی اولین ترجیح رہا ہے جو عام آدمی کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالہ سے حکومتی عزم کا ثبوت ہے تاکہ عوام کو سستی اور شفاف توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ منصوبہ کی تکمیل سے قومی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ سماجی خوشحالی میں بھی مدد ملے گی۔