اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف ملک کو معاشی اور سیاسی مسائل سے نکالنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ،معیشت میں بہتری آئی ہے اور اس کےلئے وزیراعظم نے بہت محنت کی ہے ، ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کےلئے ن لیگ کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سیاست چمکانے کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیں ، بلوچستان کے مسائل کے حل کےلئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، نوازشریف نے 2013میں اپنی پارٹی کی اکثریت کے باوجود نیشنل پارٹی کی قیادت کو وزارت اعلیٰ دی ۔
انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے سیدال خان ناصر سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کی اور حال ہی میں ان کی ہرنیوں کے آپریشن کے بعد جلد صحت یابی کےلئے بھی دعا کی ۔
اس موقع پر سینئر صحافی حاجی محمد نوازرضا،حافظ طاہر خلیل ، طارق عزیز، طارق محمود سمیر ،ظفر ہاشمی ، بلال ڈار،سجاد حیدراور دیگر موجود تھے ۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال ناصر نے کہا کہ میاں نوازشریف پاکستان کے وہ واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، مشکل فیصلے کئے ، ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا ، معیشت کی مضبوطی اور ترقی کےلئے سی پیک جیسا منصوبہ لیکر آئے لیکن 2017میں ایک سازش اور منصوبے کے تحت نوازشریف کو اقتدار سے محروم کر کے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف بہت محنت کر رہے ہیں اورملکی معیشت کو استحکام دینے کےلئے حال ہی میں جو اقدامات کئے گئے وہ بہت اہم ہیں ، شہبازشریف کی محنت کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچا ، بجلی کی قیمتوں کا ایک مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کےلئے حکومت بہت کوششیں کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی فضاء کو بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے تاہم اس کےلئے ن لیگ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام جماعتوں کو اپنا فرض ادا کرنا ہوگا، جہاں تک تحریک انصاف کا تعلق ہے وہ سیاست کر رہی ہے ، ایوان میں بھی موجود ہے ، اس وقت ملک میں احتجاجی اور انتشاری سیاست کی کوئی گنجائش نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی ڈائیلاگ کئے جائیں اور وزیراعظم شہبازشریف کئی مرتبہ مذاکرات کی پیشکش بھی کر چکےہیں ۔
انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 2008میں کچھ اقدامات کئے تھے ، 2013میں نوازشریف نے ن لیگ کی اکثریت کے باوجود قوم پرست جماعت نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک کوو زیراعلیٰ بنوایاجس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ، موجودہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی بھی بہت محنتی ہیں تاہم ناراضگیاں ختم کرنے کی ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو ساتھ لیکر چلا جائے اور ان کے بنیادی مسائل کرنے کےلئے جامع پروگرام مرتب کیا جانا چاہیے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490401