وزیراعظم شہبازشریف نے سیالکوٹ میں آگ لگنے سے گندم کی تیار فصل کی تباہی سے متاثرہ کسانوں کی مالی امداد کا حکم دے دیا

58

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے سیالکوٹ میں آگ لگنے سے گندم کی تیار فصل کی تباہی سے متاثرہ کسانوں کی مالی امداد کا حکم دے دیا۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو حکم دیا کہ جن کسانوں کی فصل جل گئی ہے،

انہیں فوری امدادی چیک دئیے جائیں،وزیراعظم نے 90 ہزار کلوگرام گندم جل کر راکھ ہونے پر کسانوں کی فوری مالی مدد کا حکم دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبار ک ہے، مشکل وقت میں کسانوں کی بھرپور مدد کی جائے۔واضح رہے کہ بیلہ پُل باجواں،

بجوت سیکٹر میں 23 اپریل 2022 کو گندم کی تیار فصل کو آگ لگ گئی تھی،آگ سے 77 ایکڑ رقبہ متاثرہواتھا، 76 ایکڑ میں گندم کی فصل کٹائی کے لئے تیار حالت میں تھی،سرکاری رپورٹ کے مطابق 15 کاشتکاروں کی تیارگندم جل گئی تھی،تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ کٹائی مشین میں فنی خرابی سے آگ لگی،

مشین کے قریب ہی ذخیرہ کردہ 80 لیٹر ڈیزل کے آگ پکڑنے سے حادثے کا دائرہ پھیل گیا تھا،فاصلہ زیادہ ہونے کی بناءپر فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں وقت لگا۔فائر بریگیڈ نے 32 کلومیٹر کا فاصلہ 25 منٹ میں طے کیا۔فائربریگیڈ کی کوششوں سے آگ کو 135 ایکڑ میں پھیلنے سے روکاگیا۔