اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے اور یرغمال شہریوں کوبحفاظت بازیاب کرنے پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں اور افسروں نے بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا،نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا دین اسلام اور اس ملک سے کوئی تعلق نہیں۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوج کے سپہ سالار کی متحرک قیادت کی بدولت جعفر ایکسپریس آپریشن کی بغیر کسی بڑے نقصان کے تکمیل ممکن ہوئی،آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کیا گیا، ہمارے بہادر جوانوں اور افسروں نے بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا دین اسلام اور اس ملک سے کوئی تعلق نہیں، معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پر عزم ہیں،ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور ٹرین کے مسافروں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعاکی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف آج (جمعرات)کوبلوچستان کے شہریوں سے اظہار یکجہتی اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بلوچستان کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم امن وامان کی صورت حال کے جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571817