وزیراعظم شہبازشریف کاخطےمیں انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے کردار او رحمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر

139

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خطے میں انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے کردار او رحمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پختہ عزم اور غیر متزلزل وابستگی پر قائم ہیں، علاقائی امن اور استحکام کے لئے امریکا کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔

بدھ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ اداکرتےہیں کہ انہوں نے خطے میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اورآئی ایس کے پی کے آپریشنل کمانڈر شریف اللہ جو افغانستان کاشہری اور ایک مطلوب دہشت گرد ہے کی پاک افغان سرحدی علاقے میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران گرفتاری کے تناظر میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کے لئے دہشت گردوں اور عسکریت پسند گروپوں کو محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی روکنے پر یقین رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کےخاتمے کے لئےپختہ اور غیر متزلزل عزم پرقائم ہیں۔انسداد دہشت گردی کے لئے 80ہزار سےزیادہ بہادر سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ہماری قیادت اور عوام کایہ غیر متزلزل عزم ہے کہ اپنے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو اکھاڑ پھینکیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ علاقائی امن او ر استحکام کے لئے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔