26 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 31, 2025
ہومتازہ ترینوزیراعظم شہبازشریف کا آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم...

وزیراعظم شہبازشریف کا آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ ،آذربائیجان پاکستان میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، تاجکستان روانگی سے قبل لاچین ایئرپورٹ پر گفتگو

- Advertisement -

لاچین۔29مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نےپاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربائیجان کے ساتھ تجارت ، دفاع ، تعلیم ، صحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں آذربائیجان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد تاجکستان روانگی سے قبل لاچین ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے لئے 28مئی کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم دن ہے جب 28مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے اور ایٹمی قوت کا حامل ملک بنا۔ یہ برادر ملک آذربائیجان کی آزادی کا دن بھی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان مکمل طور پر بدل چکا ہے اور اس نے شاندار ترقی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دورے کے دوران ہم نے تجارت ، سرمایہ کاری ، کاروباری شعبہ میں اشتراک کار کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ صدر الہام علیوف نے پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کرتےہوئے کہا کہ ہم مشترکہ مفادات کے لئے یہ سرمایہ کاری کرنے پر تیار ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم تجارت ، دفاع ، تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے ۔

- Advertisement -

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ کے لئے روانہ ہو ئے تو لاچین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذر بائیجان کے نائب وزیر خارجہ ایلنور مامیدوف ، آذر بائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نےانہیں رخصت کیا ۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ آذر بائیجان کے دوران آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ۔ انہو ں نے پاکستان۔ ترکیہ۔ آذربائیجان سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔انہوں نے آذر بائیجان کے یوم آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔وزیر اعظم دوشنبہ میں گلیشئرزکے تحفظ کے بارے میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602670

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں