لاہور۔15جون (اے پی پی):وزیراعلی مریم نوازشریف نے انتظامیہ کوہدایت کی ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے پٹرول میں کمی کا بڑا ریلیف کرایوں میں کمی کی صور ت عوام کو پہنچنا چاہیے-پٹرول کی قیمت میں مجموعی طورپر 35 روپے کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر وزیراعلی پنجاب نے برہمی کااظہار کیا اوروزارت ٹرانسپورٹ، پولیس کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لئے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی-
وزیراعلی پنجاب نے شکایات اور معائنہ کمیشن کوبھی فوری اقدامات کی ہدایات کردیں – وزیراعلی نے حکام کو خبردار کردیا کہ روٹی، کرائے سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی-وزیراعلی نے عید الاضحی پر آلائشوں کی بروقت صفائی، مویشی منڈیوں میں دھوپ سے بچاو کے لئے شیڈز کی فراہمی کی فوری ہدایت کی-پہلی بار32 لاکھ خصوصی تھیلے بھی عوام میں تقسیم کرنے کا آغاز کردیاگیا -وزیراعلی نے مویشی منڈیوں میں ڈاکٹرز کی فراہمی اور پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کی بھی ہدایت کی-وزیراعلی نے کہاکہ بڑی عید پر صفائی کا معیار وہی ہونا چاہیے جو وزیراعلی شہبازشریف کے دور میں تھا-وزیراعلی نے تعطیلات کے دوران نہروں پر عوام کی جان کی حفاظت کے لئے لائف گارڈز کی تعیناتی اور ٹریفک کا موثر پلان بنانے اور عوام کو ٹریفک جام سے بچانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی-
وزیر اعلی نے گزشتہ روز ٹھوکر نیاز بیگ پر شدید ٹریفک جام کا بھی سخت نوٹس لیا اور برہمی کااظہار کرتے ہوئے دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے کی ہدایت کی-وزیر اعلی نے صوبے بھر میں امن وامان یقینی بنانے کے لئے بھی سخت اقدامات کی ہدایت کی- وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعطیلات کے دوران بھی تمام صورتحال کی ذاتی طورپر نگرانی کروں گی-اجلاس میں صوبائی سیکرٹریز، پولیس اور انتظامیہ کے اعلی حکام نے شرکت کی-