وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ سرکاری دورہ پر چین روانہ ہوں گے

869
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ پر آج (منگل کو)چین روانہ ہوں گے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق 11 اپریل 2022 کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔

کمیونسٹ پارٹی چین کی 20ویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنماؤں میں شامل ہیں۔اس دورہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلی ٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل رابطوں کی کڑی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔

دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔دونوں ممالک کے قائدین سٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے۔ملاقاتوں اور اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔دورے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیش رفت متوقع ہے۔

دورے کے دوران مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔دورے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔سی پیک کے حوالے سے مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کا گیارھواں اجلاس 27 اکتوبر 2022 کو منعقد ہوا تھا۔