وزیراعظم محمد شہباز شریف چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ’’ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شرکت کے لیے برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ روانہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ’’ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر عملدرآمد کے حوالے سے ایران اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شرکت کے لیے برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران، قطر اور امریکا کے اعلیٰ سطحی وفود شریک ہوں گے۔یہ مذاکرات 17 جون 2026 کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد پہلا باضابطہ رابطہ ہیں۔ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتوں کے نفاذ اور پیش رفت کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم کی ایران، قطر، سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے وفود کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کی بھی توقع ہے، جن میں پاکستان کے مکالمے، علاقائی استحکام اور دیرپا امن کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔اس بحران کے دوران پاکستان کے سہولت کار کردار نے اس کے اصولی، متوازن اور تعمیری طرزِ عمل کو اجاگر کیا ہے۔ اس میں امریکا اور ایران کے درمیان ابتدائی مذاکرات کی میزبانی اور مسلسل سفارتی روابط شامل ہیں، جو بالآخر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی صورت میں سامنے آئے۔








