نیویارک۔28ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نیویارک کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے، اپنے دورہ کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سمیت مختلف ممالک کے سربراہان مملکت سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
انہیں ایئرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، نیویارک میں قونصل جنرل عامر اتوزئی اور اقوام متحدہ میں نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے الوداع کیا۔21 منٹ کے اپنے وسیع تناظر میں کئے گئے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے ایجنڈے کے تمام اہم امور کا احاطہ کیا جس میں فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا بھرپور مطالبہ کیا۔
انہوں نے سیشن کے موقع پر کئی سربراہی اجلاسوں میں بھی شرکت کی جس میں سطح سمندر میں بلندی سے پیدا ہونے والے موجودہ خطرات پر اعلی سطحی اجلاس اور لیڈر شپ فار پیس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کھلی بحث شامل ہے۔
عالمی رہنمائوں کے ساتھ ان کی دوطرفہ ملاقاتوں میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یو این جی اے کے صدر فلیمون یانگ، برطانیہ، ایران، بنگلہ دیش، نیپال اور مالدیپ کے وفود کے رہنمائوں کے ساتھ ساتھ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے سربراہان بھی شامل تھے۔ انہوں نے امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتوں میں بھی اظہار خیال بھی کیا۔