وزیراعظم شہباز شریف اورنیدر لینڈز کے وزیراعظم مارک روٹے کے مابین ٹیلی فونک رابطہ، وزیراعظم کی ڈچ کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

239

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نیدر لینڈز کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان میں سیلاب زدگان کےلئے نیدر لینڈز کی حکومت کی امداد اور بحالی و تعمیرنو کے فریم ورک کی تیاری میں ڈچ آبی ماہرین کے تعاون کو سراہا ہے۔

پیر کو وزیراعظم شہباز شریف اورنیدر لینڈز کے وزیراعظم مارک روٹے کے مابین ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئےنیدر لینڈز کی حکومت کی امداد اور بحالی و تعمیر نو کے فریم ورک کی تیاری میں ڈچ آبی ماہرین کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالہ سے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے نیدر لینڈز کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر ، افغانستان اور یوکرین کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لئے مل کر کام کرے۔ اس سال پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے اس سنگ میل کو بھرپور طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا۔