وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کا باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ

143
محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو دونوں راہنماؤں نے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، توانائی تعاون، سلامتی اور علاقائی استحکام میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے حال ہی میں پولان گبد الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ایرانی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں سمیت عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایرانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کو ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی تاریخی پیش رفت پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق دو ریاستی حل کی بنیاد پر اسرائیل فلسطین تنازعہ کے منصفانہ اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا۔