15.5 C
Islamabad
پیر, فروری 24, 2025
ہومتازہ ترینوزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر باکو پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر باکو پہنچ گئے

- Advertisement -

باکو۔23فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئے۔ حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیر اعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین، اور دیگر سینئر حکام نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور دیگر اعلیٰ آذربائیجانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی، تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت، توانائی و دفاعی تعاون کے فروغ، ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

- Advertisement -

دونوں برادر ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم اور آذربائیجان کی قیادت پیر کو منعقد ہونے والے پاکستان-آذربائیجان بزنس فورم سے بھی خطاب کرے گی۔ فورم میں دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات بھی شرکت کریں گی تاکہ مشترکہ منصوبوں اور تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے کاروبار سے کاروبار (B2B) تعاون پر زور دیا جا سکے۔

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ بھائی چارے کا رشتہ ہے جس کی بنیاد مشترکہ اقدار اور مشترکہ منزلیں ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی ، چوہدری سالک حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565136

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں