اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر 3 جون کو انقرہ میں صدر اردگان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔
وزیراعظم 28 مئی کو ترکیہ کے انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر رجب طیب اردگان کومبارکباد دیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متنوع اور کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے کے لئے ترک صدر کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دیں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد، علاقائی و عالمی معاملات پر نظریات کی ہم آہنگی سے مضبوط ہوئے ہیں۔ قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے لازوال رشتوں کی ایک اہم خصوصیت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=366215