وزیراعظم شہباز شریف سے شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں قطر بزنس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

139

دوحہ۔24اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے قریبی سیاسی تعلقات کو ایک مضبوط اور جامع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے قطر کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات کو گہرا اور متنوع بنانے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وہ بدھ کو قطر بزنس ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے یہاں دوحہ میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کابینہ کے اہم ارکان اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔

قطر بزنس ایسوسی ایشن کی طرف سے معروف قطری کاروباری اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز نے شرکت کی ۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی کی مشترکہ خواہشات ہیں۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے قریبی سیاسی تعلقات کو ایک مضبوط اور جامع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے قطر کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات کو گہرا اور متنوع بنانے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ قطر کے امیر کی ویژنری قیادت میں قطر کی تیز رفتار اقتصادی ترقی اور نمو کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے قطر کے نجی شعبے کو متحرک کرنے میں قطر بزنس ایسوسی ایشن کے کردار کی تعریف کی۔

متنوع اقتصادی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان کی طرف سے پیش کردہ بے پناہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جن میں قابل تجدید ذرائع، فوڈ سیکورٹی ، صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے قطری کاروباری رہنماؤں کو حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں کاروباری نظام کو بہتر اور اپ گریڈ کرنے کے لئے کی جانے والی سخت ڈھانچہ جاتی اور پالیسی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کیا اور ایسوسی ایشن کی پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لیے جلد ہی کیو بی اے کا ایک نمائندہ تکنیکی سطح کا وفد پاکستان بھیجیں گے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے سینئر ممبران کے ہمراہ وزیراعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔

پاکستان اور قطر کے دوطرفہ تعلقات میں اضافے کی رفتار پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کاروباری شعبے میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے ذریعہ روابط بڑھانے پر زور دیا۔