اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندہ، چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فینگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے تعلقات کے متعدد پہلوؤں، بشمول چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دوطرفہ اقتصادی و مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کا وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا ۔وزیراعظم نے ہی لی فینگ کو مارچ میں چین کے نائب وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب اور پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز بالخصوص آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے جیسے مشکل اوقات میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔
چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے پاکستان اور چین کی سٹرٹیجک شراکت داری اور دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اشتراک میں توسیع پر زور دیا ۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں چین کے مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی پاکستان اور چین کی مشترکہ معاشی اور اقتصادی ترقی میں مرکزیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی 10سالہ سالگرہ اس منصوبے کو ازسر نو توسیع دینے کا ایک سنہری موقع ہے۔ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کو زرعی برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان زرعی، صنعتی اور مواصلاتی سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی مسائل اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا ۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کے اعزاز میں فینگ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا۔چینی وفد میں چینی سٹیٹ کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل گو وے، چینی نائب وزیرِ خارجہ سن ویڈونگ، نائب چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کونگ لیانگ، پیپلز بینک آف چائنا کے ڈپٹی گورنر زوان چینگنینگ اور وانگ کیبنگ، چینی وزارت تجارت کے شعبہ ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل وانگ لیپنگ، پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی چارج ڈی افئیرز پانگ چنشوئے اور دیگر اعلیٰ چینی افسران شامل تھے۔۔
پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے خارجی امور حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مختلف وزارتوں سے دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=377041