اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی قیادت میں مسلم لیگ ق کے اراکین قومی اسمبلی چوہدری حسین الٰہی، محمد الیاس چوہدری اور فرخ خان پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اراکین قومی اسمبلی نے مالی سال 26 ۔ 2025کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفد نے ملک کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم کے تمام اقدامات میں بھر پور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی عسکری اور سیاسی قیادت عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کےلئےدن رات محنت کر رہے ہیں،وفد نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستانی عوام کی مثالی قیادت کرنے اور عالمی سطح پر ملکی وقار کو نئی بلندیوں تک پہنچانے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔