وزیراعظم شہباز شریف سے کمشنر یورپی یونین کی ملاقات، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے متحدہ کوششوں پر اتفاق

286

شرم الشیخ۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نام نکلنے میں یورپی ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی اتحاد ضروری ہے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے کلائمیٹ امپلی منٹیشن سمٹ کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کمشنر ارسلا وون ڈیر لین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے یورپی یونین ممالک کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے جذبے کو سراہا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین مشترکہ مقاصد کے حصول میں اہم شراکت دار ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی اتحاد ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک آج جن اثرات کا مقابلہ کر رہے ہیں، کل تمام دنیا کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

وزیر اعظم نے فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلنے میں یورپی ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی بہت گنجائش موجود ہے۔ یورپی یونین کی کمشنر نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے متحدہ کوششوں پر اتفاق کیا۔