اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہہ دیا ہے کہ یہ 2 ہزار کا جتھہ لے کر آئے یا 20 ہزار کا اس فتنے کا کوئی مطالبہ سننا ہے نہ ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک 2 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکا، عوام کی لاتعلقی کی وجہ وہ شرانگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھہ قوم کے سامنے آ چکا ہے، اس نے ایک کے بعد ایک جھوٹ اتنی بیدردی اور ڈھٹائی سے بولا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو اپنی خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا جس کا جواب یہ اتنے دن گزرنے کے بعد بھی نہیں دے سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا سارا زور حسب عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے شہباز شریف سے کہہ دیاہ ے کہ وہ یہ 2 ہزار کا جتھہ لے کر آئے یا 20 ہزار کا اس فتنے کا کوئی بھی مطالبہ سننا ہے نہ ہی اسے کوئی فیس سیونگ دینی ہے جس کیلئے یہ بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہئے۔