ابو ظہبی۔12جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کےصدر اور ابوظہبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ سرکاری دورے پر ابو ظہبی پہنچ گئے۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابو ظہبی کے البطین ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن اید النہیان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور وزیرِ اعظم کے ہمراہ گاڑی میں صدارتی محل کی جانب روانہ ہوئے۔
ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی احمد الشمسی،یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فيصل نياز ترمذی اور پاكستانی سفارتی عملہ بھی وزیر اعظم کے استقبال کیلئے موجود تھا۔
وزیر اعظم وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔