اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیش قیمت غیرملکی تحائف ذاتی تصرف میں لانے کی بجائے توشہ خانہ میں جمع کرانے کی منفرد روایت اور مثال قائم کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ یہ تحائف مستقل طور پر وزیراعظم ہائوس میں رکھے جائیں تاکہ عوام دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے آگاہ ہوں، اس مقصد کے لئے وزیراعظم ہائوس میں جگہ مختص کی جائے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی تاریخ میں ایک منفرد مثال اور وزیراعظم ہاؤس میں ایک نئی روایت قائم کی ہےاور ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کو ملنے والے غیرملکی تحائف مستقل طور پر وزیراعظم ہاؤس میں رکھے جائیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نےہدایت کی کہ غیر ملکی تحائف عوام کو دکھانےکا اہتمام کیا جائے تاکہ عوام دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے آگاہ ہوں ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس میں جگہ مختص کر دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سرکاری خزانے میں جمع کرا دئیے ہیں۔ توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے۔ وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے ۔ تحائف میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں ۔ ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو سابق وزیراعظم عمران خان کے مقابلہ میں زیادہ مہنگے تحائف دیئےگئے تاہم وزیراعظم نےگھڑیاں، قیمتی قلم، انگوٹھی، ‘کف لنک (بٹن)، اور خوشبوسمیت تمام بیش قیمت تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف بطور وزیر اعلی پنجاب اپنے دس سالہ دور میں ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔