وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی تقریر میں عوام کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے شہری اور دیہاتی دو جہتی انقلابی اقدامات کا اعلان کیا ہے،سابق وزیر پٹرولیم سینیٹر مصدق ملک

116
ایک جدت کی بدولت او جی ڈی سی ایل کی پیداوار میں دس ہزار بیرل تیل کا اضافہ ہوا ہے، حکومت اداروں کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):سابق وزیر پٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی تقریر میں عوام کی مشکلات کو حل کرنے کیلئے شہری اور دیہاتی دو جہتی انقلابی اقدامات کا اعلان کیا ہے، نوجوانوں کو چھوٹے قرضے، خواتین کے معاوضے مردوں کے مساوی کرنے اور کسانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق غیرملکی بیج درآمد کرکے فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے اتوار کو شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں کسانوں کی مشکلات کوآسان کیا جائے گا، وہ مافیاز جو جدت سے تیار کئے گئے بیج کسانوں کو مہیا نہیں ہونے دیتے ان کے خلاف سخت کارروائی کرکے نکیل ڈالی جائے گی۔ کسانوں کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی انہیں ایسے بیج فراہم کئے جائیں گے جس سے پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوگا۔ اس سے ملک میں خود کفالت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صنعتی اصلاحات کا اعلان کیا ہے، بنکوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان قرضے دیں۔ اس سے چھوٹے چھوٹے کاروبار شروع کئے جاسکیں گے۔ بیروزگار نوجوانوں کو کارآمد اور صاحب روزگار بنانے میں مدد ملے گی۔ فروٹس کو محفوظ کرنے کیلئے کولڈ سٹوریج کی صنعت قائم کی جائے گی۔ پھلوں کی ترسیل کیلئے کولڈ کیپسٹی سے آراستہ ٹرانسپورٹ کیلئے نوجوانوں کو قرضے دیئے جائیں گے تاکہ زرعی اور صنعتی انقلاب ایک ساتھ آگے بڑھ سکے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ٹیلی کام، ویلیو ایڈڈ سروسز اور ای ٹریڈ کے ذریعے ہمیں زر مبادلہ کے حصول میں مدد ملے گی اور یہ وہ انقلاب ہوگا جس کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر میں کیا ہے۔ملک سے باہر جانے کی سوچ رکھنے والے بچے جب بنکوں سے قرضے حاصل کریں گے وہ اپنے گھر میں بیٹھ کر بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں ایک اور اہم اعلان کیا کہ مردوں کے مقابلے میں عورتوں سے جو ناروا سلوک کیا جاتا ہے انہیں ملازمتوں میں اجرتوں میں واضح فرق کا شکار کیا جاتا ہے اس امر کا خاتمہ کیا جائے گا، مرد اور خاتون کی اجرت برابر کی جائے گی، کسی کو خواتین کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خواتین کو ہراساں کرنے کو ریڈ لائن قرار دیا ہے اور کوئی ملک میں اس ریڈ لائن کو کراس نہ کرے بصورت دیگر اسے کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا خواہ وہ کوئی بھی ہو۔

مالیاتی ادائیگیوں کے حوالہ سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بڑی واضح حکمت عملی دی ہے کہ ٰ600 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے اسی طرح گیس اور دیگر چوریوں کو روک کر ان پیسوں سے مالیاتی ادائیگوں کے بوجھ کو کم کیا جائے گا اور عوام کوریلیف دیا جائے گا، اشیاء پر ادھر ادھر کے ٹیکسوں کے برعکس ڈائریکٹ ٹیکس کے نفاذ پر عمل درآمد ہوگا، ٹیکس چوروں کے خلاف چارہ جوئی کے نظام کو مربوط بنایا جائے گا۔