اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات مولانااسعد محمود کی ہدایات پر سوات کا بحرین سے زمینی رابطہ کامیابی سے بحال کر دیا گیا ہے، سندھ کی قومی شاہراہیں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہیں، مسافر سفر سے قبل این ایچ اے زونل دفتر سے سفری رہنمائی حاصل کریں۔
اتوار کو شعبہ تعلقات عامہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو دوران پرواز بی بی نانی میں رابطہ پلوں اور پنجرہ پل بارے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور جاری بحالی کے کام پر تفصیلی بریفنگ دی ۔جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات مولانااسعد محمود کی ذاتی دلچسپی اور چئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین اور مبارکباد بھی دی۔
ترجمان نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا اور صوبے کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جسکی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی آمد ورفت بلکہ سامان کی ترسیل اور امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اس موقع پر کہا کہ جتنی تیزی اور مختصر مدت میں این ایچ اے نے پنجرہ پل اور بی بی نانی کو بحال کرکے ٹریفک کی آمد ورفت شروع کی اسکی مثال نہیں ملتی ۔
دریں اثنا وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی کوششوں سے سوات کا بحرین سے زمینی رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاک آرمی کے کور آف انجینیرز، این ایچ اے، ضلعی انتظامیہ نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ این یچ اے کا عملہ ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے۔ اب تک کی موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ سندھ کی قومی شاہراہیں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوئی ہیں،
این ایچ اے کی طرف سے مسافروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ سفر کرنے سے قبل این ایچ اے کے زونل دفتر سے معلومات حاصل کر لیں ۔قومی شاہراہ این۔55 دادو سے ناصر آباد تک 35 کلومیٹر سڑک سیلابی پانی میں ڈوب چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے این۔55 کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے اور این۔55 کی ٹریفک کو این ۔5 کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ لہذا این۔55 کی ٹریفک کے باعث این۔ 5 پر ٹریفک کا اضافی بوجھ پیدا ہوگیا ہے۔ تاہم موٹروے پولیس این۔5 پر ٹریفک کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ۔
این ایچ اے حکام نے بھی چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ سے رابطہ کر کے ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے پولیس کی نفری مانگ لی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی ہدایت پر این ایچ اے کے ماہرین تعمیرات اور فیلڈ سٹاف دن تمام تباہ شدہ شاہراہوں کو بحال کرنے میں دن رات مصروف ہے۔