تیانجن ۔30اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کا چین کے سرکاری دورے پر تیانجن پہنچنے پر ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ تیانجن ایئرپورٹ پر چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی سی پی سی کمیٹی کی وزیر اور سیکرٹری سن میجن، تیانجن میونسپل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور پارٹی سیکرٹری یو یونلن، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس سمیت بیجنگ میں منعقدہ چینی عوامی جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کے جشن کی تقریب اور دیگر اہم سرکاری مصروفیات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست سے یکم ستمبر 2025 تک تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔
اس موقع پر وہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم ممتاز چینی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ 4 ستمبر کو بیجنگ میں دوسری پاک چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف چین کے صدرِ شی جن پنگ کی دعوت پر 31 اگست سے 1 ستمبر 2025 تک چین کے شہر تیانجن کا دورہ کر رہے ہیں ، اس دوران وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کونسل (سی ایچ ایس) اور سربراہانِ مملکت کونسل پلس (سی ایچ ایس پلس ) اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ایس سی او، سی ایچ ایس سربراہی اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت شرکت کریں گے، جن میں پاکستان، بیلاروس، چین، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ ایس سی او، سی ایچ ایس اجلاس ایک توسیع شدہ فارمیٹ میں منعقد ہوگا، جس میں منگولیا، آرمینیا، آذربائیجان، کمبوڈیا، نیپال، ترکیہ، مصر، مالدیپ، میانمار، ترکمانستان، ملائیشیا، لاؤس، ویتنام اور انڈونیشیا کے رہنما، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دیگر علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شرکت کریں گے۔