اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے مقبول اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، جمعہ کو اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم اسماعیل تارا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم اسماعیل تارا مزاحیہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے۔انہوں نے پاکستان میں مزاح کو آرٹ کی ایک صنف کے طور پر مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر ان کی اداکاری کے ان مٹ نقوش ہیں ۔خصوصاً پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ففٹی ففٹی میں ان کی اداکاری یادگار رہےگی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جایئں گی ۔