وزیراعظم شہباز شریف کا حسن خیل میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر پاک فوج اور سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے جوانوں کو خراج تحسین

154

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر عبد الرحیم سمیت دیگر دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج اور خیبر پختونخوا کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی محمد ادریس، سپاہی بادام گل، کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے پی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم کی بلندی درجات کی دعا کی۔

وزیراعظم نےشہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک سر زمین کے بہادر بیٹوں نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے اپنی جان وطن کی مٹی پر نچھاور کی،پوری قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو مکمل طور پرختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔