وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب مثالی دوستی کا نیا تاریخی باب کھولے گا، مریم اورنگزیب

108

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب مثالی دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا، چار سال کے دور گھبراہٹ کے بعد پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جا رہی ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محسن اور سعودی عرب کے ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہبازشریف آج، جمعرات کو حجاز مقدس روانہ ہورہے ہیں اور مدینہ منورہ پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 28 سے 30 اپریل کا یہ دورہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعدمحمد شہبازشریف کا پہلا غیرملکی دورہ ہے جو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ، پرجوش اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی تعلقات کی تجدید کا مظہر ہے اور مثالی دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ چارسال کے دورگھبراہٹ کے بعد پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جارہی ہے، استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو۔ عمرہ کی سعادت اور روضہ رسول پاکﷺ پر درود پڑھنے کی برکتیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔ سعودی عرب پاکستان دوستی ہمیشہ زندہ باد۔