اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم ارض پر کرہ ارض کے تحفظ کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم قدرت کی طرف سے عطا کئے گئے بے شمار انعامات کی قدر کریں اور ماحولیاتی تحفظ و پائیدار ترقی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی مشترکہ ذمہ داری نبھائیں۔
پیر کو وزیراعظم آفس کےمیڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ رواں برس عالمی یوم ارض کا تھیم "ہماری طاقت، ہمارا سیارہ،” قابل تجدید توانائی کی جانب عالمی منتقلی کی ضرورت پر زور دیتا ہے ،یہ نہ صرف ماحولیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے بلکہ جامع اقتصادی ترقی اور عوامی بہبود کو فروغ دینے کے لئے بھی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کا زہریلی گیسوں کے عالمی اخراج میں معمولی سا حصہ ہے لیکن یہ ان ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے دوچار اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے کے خطرات کی لپیٹ میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب، بڑھتا ہوا درجہ حرارت ، گرمی کی شدید لہر اور پانی کی کمی جیسے چیلنجز واضح یاد دہانی ہے کہ بروقت عملی اقدامات نہ کئے گئے تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی اقتصادی و سماجی پالیسیوں کو ترتیب دینا قومی ترجیح بن چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قومی صاف فضاء پالیسی، پلاسٹک کے کم سے کم استعمال کی ریگولیشنز اور نیشنل ایڈاپٹیشن پلان جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان ماحولیاتی نظام کی بحالی، صاف توانائی کو وسعت دینے اور معاشرے کو بااختیار بنانے کے لئے جرأت مندانہ اقدامات کر رہا ہے، یہ اقدامات ہمارے اس یقین کی عکاسی کرتے ہیں کہ ماحولیاتی پالیسی کوئی بوجھ نہیں بلکہ ایک سرسبز، صحت مند اور زیادہ مساوی مستقبل کی تعمیر کا ایک سنہری موقع ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہمیں کرہ ارض کو آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے بچانے، وسائل کے تحفظ، زندگی گزارنے کے پائیدار طریقوں کو اپنانے اور اپنے اجتماعی فرض کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور مشترکہ ذمہ داریوں کو نبھانے کا عہد کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل اور کرہ ارض کی کی حفاظت کے لئے اپنے عزم کی تجدید کرنا ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585508