22.4 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم شہباز شریف کا مبارکباد کے پیغامات بھجوانے پر عالمی رہنمائوں کے...

وزیراعظم شہباز شریف کا مبارکباد کے پیغامات بھجوانے پر عالمی رہنمائوں کے ساتھ اظہار تشکر

- Advertisement -

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مختلف ممالک کے صدور اور رہنمائوں کی طرف سے آنے والے تہنیتی پیغامات بھجوانے پر ان رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔سماجی رابطے کی ایپلی کیشن’ ایکس’ پر پوسٹوں کی ایک سیریز کے مطابق وزیر اعظم نے عالمی رہنمائوں کو علیحدہ علیحدہ پیغامات بھجوائے ہیں۔ وزیر اعظم نے روسی فیڈریشن کے صدر ولادی میر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھجوایا۔

وزیر اعطم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں آنے والے دنوں میں پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہوں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تاجکستان کے صدر اپنے پیارے بھائی امام علی رحمان کی جانب سے مبارکباد کا خط اور ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس پربے حد مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست ہونے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کے قیام کا منتظر ہوں۔

- Advertisement -

انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پرتپاک پیغام بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ میں آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسادوف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مبارکباد کا مراسلہ ارسال کیا۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا ایک منفرد رشتہ ہے جو مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ ازبکستان کے صدر شوکت میرزییوف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دوسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ میں امید کرتا ہوں کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کروں گا۔

انہوں نے قازخستان کے صدر قاسم جومارٹ ٹوکائیوف کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے وزیر اعظم منتخب ہونے پر دعائوں اور نیک خواہشات کا پیغام بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ کے عظیم ملک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور میں آپ کے ساتھ دوستی کے بندھن کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں شنگھائی تعاون تنظیم اور ای سی او میں اپنے قریبی تعاون کا بھی منتظر ہوں۔

انہوں نے ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما اور ہلک مسلختی کے چیئرمین گربانگلی بردی محمدوف کی جانب سے مبارکباد کے پرتپاک خطوط موصول ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں ترکمانستان کے ساتھ مضبوط دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو بڑھانے کے لئے کام کرنے کا منتظر ہوں۔

انہوں نے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کے خط پر جمہوریہ کرغیزستان کے صدر زاپاروف کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے کہ ہم باہمی تعاون کو فروغ دیں گے اور کثیر الجہتی ماحول بالخصوص ای سی او اور شنگھائی تعاون تنظیم میں مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فلسطین کے صدر محمود عباس کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا خط لکھا۔ میں انہیں فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔ دعا ہے کہ رمضان کا مقدس مہینہ غزہ میں امن کے قیام اور تشدد اور مصائب کے خاتمے کاذریعہ بنے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں